ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل ٹاؤن، ہیبلے پنچایت اور جالی پنچایت علاقوں میں لاگو رہے گارات کا کرفیو۔سیل ڈاؤن کیے جارہے ہیں ’ہاٹ اسپاٹس‘

بھٹکل ٹاؤن، ہیبلے پنچایت اور جالی پنچایت علاقوں میں لاگو رہے گارات کا کرفیو۔سیل ڈاؤن کیے جارہے ہیں ’ہاٹ اسپاٹس‘

Sat, 04 Jul 2020 11:26:42    S.O. News Service

بھٹکل،4؍جولائی (ایس او نیوز)بھٹکل تعلقہ میں کورونا وباء کی بدلتی صورتحال پر قابو پانے کے لئے ضلع انتظامیہ نے لاک ڈاؤن قوانین میں دوبارہ کچھ سختی برتنے کافیصلہ کیا ہے۔اسی کے تحت جمعہ کے دن شام میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر بھرت ایس نے عوام کے لئے جو ہدایات جاری کیں اس کے مطابق بھٹکل ٹاؤن میونسپالٹی، جالی پٹن پنچایت اور ہیبلے گرام پنچایت کے حدود میں شام 6بجے سے صبح 6بجے تک رات کا کرفیو لاگو رہے گا اور کسی قسم کی کاروباری یا عام چہل پہل پر مکمل پابندی رہے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر بھرت ایس اور اے ایس پی نکھل نے اپیل کی ہے کہ اس مرض کو پوری طرح کنٹرول کرنے اور اس وباء سے نجات دلانے کے لئے ان قوانین کو نافذ کرنے میں عوام پوری طرح تعاون کریں۔

ہاٹ اسپاٹس میں پابندیاں:    انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے بہت سی نئی ہدایات جاری کی ہیں جن میں اتوار کے دن مکمل کرفیو لاگو کرنا بھی ہے۔ان ہدایات پر عمل پیرائی کے لئے بھٹکل میں کچھ سختی برتنا لازمی ہوگیا ہے۔ فی الحال چند علاقوں کو ’ہاٹ اسپاٹ‘ کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔ آئندہ دوایک دنوں میں مزید کچھ علاقے بھی ہاٹ اسپاٹ بن سکتے ہیں۔ ان تمام علاقوں کو مکمل طور پر سیل ڈاؤن کیا جارہا ہے۔ان علاقوں کے لوگ میڈیکل ایمرجنسی کی ضرورت کو چھوڑ کر دوسرے کسی بھی کام کے لئے گھروں سے باہر نکل نہیں سکیں گے۔ان علاقوں کے لئے نوڈل آفیسر تعینات کردئے جائیں گے اور وہاں  اشیائے ضروریہ گھر گھر تک پہنچانے کا انتظام کیا جائے گا۔

 چیک پوسٹس پر نگرانی:   اے ایس پی نکھل بی نے کہا کہ دوسرے ہاٹ اسپاٹ اضلاع سے بھٹکل میں آنے والوں پر کنٹرول رکھنے کے لئے شیرالی، ساگر روڈ اور سرپن کٹے میں واقع پوسٹ پر زیادہ چستی برتی جائے گی اور بھٹکل میں داخل ہونے سے قبل لوگوں اور گاڑیوں کامعائنہ کرکے ان کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ شہر میں داخل ہونے کے بعدان لوگوں پر مسلسل نگاہ رکھی جائے گی۔ان چیک پوسٹس پر کافی تعداد میں عملے کو تعینات کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رات کا کرفیو سختی کے ساتھ لاگو کیا جائے گا اس لئے لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکل کر خواہ مخواہ مسائل میں پھنس جانے سے گریز کرنا چاہیے۔ شہر کے مختلف مقامات پر ’فیور کلینک قائم کیے گئے ہیں، ہر کسی کو اپنے علاقے کے فیور کلینک میں جاکر اپنا معائنہ کروالینا چاہیے۔

علاج کی سہولت:    اے سی بھرت نے  بتایا کہ بھٹکل میں کورونا کی صورت حال بنگلورو جیسی بگڑی ہوئی نہیں ہے۔ کووِڈ سے متاثر ہ افراد کو گھر میں ہی علاج کا موقع رہنے کے باوجود سرکاری اسپتال میں سہولت رہنے کی وجہ سے لازمی طور پر متاثرین کو اسپتال میں ہی رکھا جائے گا۔ اس کے لئے مقامی طور پر ہر طرح کی سہولتوں کامناسب انتظام کیا گیاہے۔

اسسٹنٹ ایس پی نکھل نے بتایا کہ حال ہی میں ہوئی ایک شادی میں شرکت کرنے والے 92افراد کے گلے سے تھوک کا نمونہ حاصل کرکے جانچ کے لئے روانہ کردیا گیا ہے۔علاج کے لئے اسپتال کی مزید سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔کسی بھی شخص کو خوف ودہشت میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ لیکن بلاوجہ کسی کو بھی گھر سے باہر نکلنے سے پرہیز ضرور کرنا چاہئے۔خاص کرکے 60سال سے زیادہ عمر کے افراد اور چھوٹے بچوں کو گھومنے پھرنے سے بچنا چاہیے۔

 پریس کانفرنس میں بھٹکل تحصیلدار ایس روی چندرا بھی موجود تھے۔


Share: